اسلام آباد میں سینئر پولیس افسر کے گھر 13 سالہ گھریلو ملازمہ کی مبینہ ہلاکت، اہلیہ گرفتار

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے پولیس لائن ہیڈ کوارٹرز میں سینئر پولیس افسر کے گھر 13 سالہ گھریلو ملازمہ مبینہ طور پر قتل کردی گئی، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے افسر کی اہلیہ کو گرفتار کرلیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق افسوسناک واقعہ پولیس لائن ہیڈ کوارٹرز میں واقع سینئر پولیس افسر کی رہائش گاہ پر پیش آیا۔ گھریلو ملازمہ کی ہلاکت کا مقدمہ اس کے والد کی مدعیت میں تھانہ شمس کالونی میں درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی معائنے کے دوران کم عمر ملازمہ کے جسم پر تشدد کے نشانات پائے گئے، جس کے بعد واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق مقدمے کی تفتیش کے سلسلے میں پولیس افسر کی اہلیہ کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جبکہ افسر کے گھر بچوں کو دینی تعلیم دینے کے لیے آنے والے قاری کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔

پولیس واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے جبکہ مزید حقائق تفتیش کے بعد سامنے آنے کا امکان ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں