چین میں ٹرمپ اور کم جونگ اُن کی ملاقات کے امکانات بڑھ گئے

چین میں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (ایپک) سربراہی اجلاس کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کی ممکنہ ملاقات سے متعلق قیاس آرائیاں زور پکڑنے لگی ہیں۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کے درمیان ممکنہ ملاقات کی اطلاعات کے بعد ٹرمپ اور کم جونگ اُن کی ملاقات کے امکانات پر بھی توجہ بڑھ گئی ہے۔

اس سے قبل امریکی اور جنوبی کوریائی حکام نے دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے امکانات کم قرار دیے تھے، تاہم روسی خبر رساں ایجنسی انٹرفیکس کی ایک رپورٹ نے اس حوالے سے نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق کریملن کا کہنا ہے کہ اگر کم جونگ اُن رواں ہفتے چین کے شہر شینزین میں ہونے والے ایپک سربراہی اجلاس میں شرکت کرتے ہیں تو روسی صدر ولادیمیر پیوٹن ان سے ملاقات کرسکتے ہیں۔

شمالی کوریا کے امور کے سابق امریکی نیشنل انٹیلی جنس افسر اور سینٹر فار اسٹریٹجک اینڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز سے وابستہ سڈنی سیلر نے کہا کہ کریملن اس نوعیت کا بیان اس وقت تک جاری نہیں کرتا جب تک اسے ملاقات کے امکانات کا یقین نہ ہو۔ ان کے مطابق پس پردہ کچھ معاملات پر پیش رفت جاری ہوسکتی ہے۔

ٹرمپ کا کم جونگ اُن سے ملاقات کا عندیہ

چین نے اس حوالے سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے کہ آیا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور کم جونگ اُن کی ملاقات ہوگی یا نہیں۔

دوسری جانب منیلا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ کم جونگ اُن چین میں ان سے ملاقات کرنا چاہیں گے، تاہم انہوں نے اس حوالے سے حتمی اعلان نہیں کیا اور کہا کہ دیکھتے ہیں آگے کیا ہوتا ہے۔

شمالی کوریا نے تاحال ٹرمپ کے اس بیان پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔

کم جونگ اُن کا چین کی سرحد کے قریب سیاحتی علاقے کا دورہ

شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کے مطابق کم جونگ اُن نے اپنے اہل خانہ اور حکمران جماعت کے عہدیداروں کے ہمراہ اتوار اور پیر کو چین کی سرحد کے قریب واقع ایک سیاحتی علاقے کا دورہ کیا۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی کے سی این اے کی جاری کردہ تصاویر میں کم جونگ اُن کو ایک اسکی ریزورٹ جیسے مقام پر آرام دہ کرسی پر بیٹھے دیکھا جاسکتا ہے۔

ٹرمپ اور کم جونگ اُن کی ماضی میں تین ملاقاتیں

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن اس سے قبل تین مرتبہ ملاقات کرچکے ہیں۔

دونوں رہنماؤں کی پہلی ملاقات جون 2018 میں سنگاپور، دوسری فروری 2019 میں ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی اور تیسری جون 2019 میں شمالی کوریا اور جنوبی کوریا کے درمیان غیر فوجی علاقے میں ہوئی تھی۔

یہ ملاقاتیں 2017 میں اس وقت شروع ہونے والی کشیدگی کے بعد ممکن ہوئیں جب ٹرمپ نے ایک تقریر کے دوران کم جونگ اُن کو طنزیہ انداز میں ’راکٹ مین‘ قرار دیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں