بھارت سے مذاکرات کی بحالی نئی دہلی کے طرز عمل سے مشروط ہے: اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات کی بحالی کا انحصار نئی دہلی کے طرز عمل پر ہے، بھارت سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل نہیں کرسکتا۔

غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کا واحد حل مذاکرات ہیں، جنگ شروع ہوتے ہی ایرانی وزیر خارجہ سے رابطہ کرکے انہیں تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کی حیثیت سے عالمی تنازعات کے پرامن حل کے لیے کوشاں ہے، جبکہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے نئے سکیورٹی فریم ورک کی تشکیل وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ بلاک پولیٹکس مسائل کا حل نہیں، پاکستان امریکا اور چین دونوں کے ساتھ متوازن تعلقات برقرار رکھے گا۔

نائب وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان، سعودی عرب، ترکیے اور مصر پر مشتمل آر فور ممالک کا اجلاس اگلے ماہ جرمنی میں ہوگا۔ ان کے مطابق استنبول اجلاس میں یورپی ممالک کی شمولیت کے بعد یہ فورم ای فور کی شکل اختیار کرچکا ہے۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ پاکستان جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے تسلسل کے لیے یورپی ممالک کی حمایت چاہتا ہے، جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے تحفظ کے لیے خصوصی فورس بھی قائم کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں