امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کا مجرموں سے متعلق اہم ڈیٹا بیس ہیک کرلیا گیا، جس میں مطلوب ملزمان اور گرفتاری کے وارنٹس سے متعلق معلومات موجود تھیں۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ ہیکرز نے ایف بی آئی کے اس ڈیٹا بیس تک رسائی حاصل کرلی ہے، تاہم سائبر حملے میں کون سا ڈیٹا متاثر ہوا، اس حوالے سے حکام نے تفصیلات جاری نہیں کیں۔
رپورٹ کے مطابق ایف بی آئی نے سائبر حملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ گزشتہ چند ماہ کے دوران ادارے کے نظام پر یہ دوسرا سائبر حملہ ہے۔
یہ ڈیٹا بیس وفاقی، ریاستی اور مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے زیر استعمال ہے، جس کے ذریعے مطلوب افراد اور گرفتاری کے وارنٹس سے متعلق معلومات حاصل کی جاتی ہیں۔
ایف بی آئی نے واقعے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا، تاہم ایک سابق اہلکار نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہیکرز ڈیٹا بیس میں موجود معلومات تبدیل بھی کرسکتے ہیں، جس سے پولیس کی کارروائیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ایک انٹرویو کے دوران ایف بی آئی پر سائبر حملے سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ انہیں ابھی اس واقعے کا علم ہوا ہے اور یہ اچھی خبر نہیں ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ستمبر میں شائنی ہنٹرز نامی ڈیجیٹل بھتہ خور گروپ نے ایف بی آئی کی ملازمتوں سے متعلق ویب سائٹ تک رسائی حاصل کرلی تھی، جس کے نتیجے میں ادارے کے موجودہ اور سابق ملازمین کا ڈیٹا متاثر ہوا تھا۔

مصنف نے جامعہ گجرات سے صحافت کی تعلیم حاصل کی ہے اخبار کیساتھ ڈیجیٹل صحافت سے منسلک ہیں۔




