پاکستانی ورچوئل ایسٹ الائنس نے جنوبی کورین کمپنی کے چیف بزنس آفیسر کو ایڈوائزری بورڈ کا رکن مقرر کردیا

پاکستان کی ورچوئل ایسٹ الائنس (VAAP) نے جنوبی کوریا کی کمپنی آئیو ٹرسٹ کے چیف بزنس آفیسر وان کیو کم کو اپنے ایڈوائزری بورڈ کا رکن مقرر کردیا ہے۔

یہ تقرری پاکستان اور جنوبی کوریا کے بلاک چین ایکو سسٹمز کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کی جانب اہم پیش رفت قرار دی جارہی ہے۔

VAAP کی چیئرپرسن ہِنزہ آصف کا کہنا ہے کہ اس تقرری سے پاکستان کی ڈیجیٹل ایسٹ انڈسٹری کو عالمی ویب تھری کمپنیوں سے منسلک کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ الائنس ایک عالمی ایڈوائزری نیٹ ورک تشکیل دے رہا ہے تاکہ پاکستانی اسٹارٹ اپس اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کو علم کے تبادلے، اسٹریٹجک شراکت داری اور بین الاقوامی کاروباری مواقع سے فائدہ پہنچایا جاسکے۔

ہِنزہ آصف کے مطابق وان کیو کم کو بین الاقوامی کاروباری ترقی، اسٹریٹجک شراکت داری اور بلاک چین ایکو سسٹم کی توسیع کا وسیع تجربہ حاصل ہے، جس سے پاکستانی بلاک چین کاروباروں کے لیے عالمی تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔

واضح رہے کہ 2017 میں قائم ہونے والی جنوبی کورین کمپنی آئیو ٹرسٹ ڈیجیٹل اثاثوں کی سکیورٹی اور سیلف کسٹڈی سلوشنز میں مہارت رکھتی ہے۔ کمپنی نے 2018 میں اپنا بائیومیٹرک ہارڈویئر والیٹ متعارف کرایا تھا۔

کمپنی اس وقت بائیومیٹرک ہارڈویئر والیٹس، کارڈ پر مبنی والیٹس اور موبائل ایپلی کیشنز فراہم کر رہی ہے۔ اس کا پلیٹ فارم 100 سے زائد بلاک چین نیٹ ورکس پر 10 ہزار سے زیادہ ڈیجیٹل اثاثوں کو سپورٹ کرتا ہے، جن میں بٹ کوائن، ایتھیریم اور ایکس آر پی لیجر شامل ہیں۔

تقرری پر تبصرہ کرتے ہوئے ہِنزہ آصف نے کہا کہ پاکستان کی طویل مدتی ڈیجیٹل معیشت کی ترقی کے لیے بین الاقوامی تعاون انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں