نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن منظور، 10 روپے کا نوٹ ختم کرکے سکہ متعارف کرانے کا فیصلہ

وفاقی کابینہ نے ملک میں نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کی منظوری دے دی، جبکہ 10 روپے کے بینک نوٹ کی جگہ 10 روپے کا سکہ متعارف کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں وزارت خزانہ کی سفارش پر نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کی منظوری دی گئی۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ کابینہ کو نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ نئے نوٹوں کی تیاری کے لیے ملک بھر سے مصوروں اور ڈیزائنرز کی تجاویز طلب کی گئی تھیں، جبکہ وزیراعظم کی جانب سے قائم کردہ کابینہ کمیٹی نے اس حوالے سے تمام متعلقہ فریقین سے مشاورت بھی کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ نئے کرنسی نوٹوں میں جعل سازی کی روک تھام کے لیے جدید سیکیورٹی فیچرز شامل کیے جائیں گے، جبکہ جدید میٹریل کے استعمال سے نوٹوں کی پائیداری اور استعمال کی مدت میں بھی اضافہ ہوگا۔

وفاقی کابینہ نے 10 روپے کے بینک نوٹ کی جگہ 10 روپے کا سکہ متعارف کرانے کی بھی منظوری دے دی۔

حکومتی اعلامیے کے مطابق نئے کرنسی نوٹوں کا اجرا اور 10 روپے کے سکے کی گردش سے متعلق مزید تفصیلات بعد میں سامنے آئیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں