آسٹریلوی فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ نے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے معاملے پر ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انہیں کپتانی سے ہٹایا گیا تو وہ بھی ٹیم میں اپنے مستقبل پر غور کریں گے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جوش ہیزل ووڈ نے 2018 کے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ کے منصوبے سے متعلق دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو اس منصوبے کا علم ہونے کی بات درست نہیں۔
جوش ہیزل ووڈ کا کہنا تھا کہ یہ فرض کرلینا کہ سب کو منصوبے کا علم تھا اور حقیقت میں سب کو اس بارے میں معلوم ہونا، دونوں میں بڑا فرق ہے۔ انہیں بال ٹیمپرنگ کے منصوبے سے متعلق کوئی علم نہیں تھا۔
انہوں نے پیٹ کمنز پر ہونے والی تنقید کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند روز سے مختلف حلقوں کی جانب سے کمنز کو مسلسل تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، تاہم وہ بطور کھلاڑی اور کپتان ان کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔
جوش ہیزل ووڈ کے مطابق پیٹ کمنز نے ٹیم کو ماضی کے بدترین کرکٹ تنازعات سے نکال کر ایسی پوزیشن میں پہنچایا جہاں مستقبل میں اس نوعیت کا واقعہ دوبارہ پیش آنے کا امکان نہیں ہوگا۔ وہ ایک بہترین قائد ہیں اور ٹیم کا ہر کھلاڑی ان کے بارے میں یہی رائے رکھتا ہے۔
پیٹ کمنز کو ٹیسٹ کپتانی سے ہٹانے کے سوال پر جوش ہیزل ووڈ نے کہا کہ اگر ایسا ہوا تو وہ بھی ٹیسٹ ٹیم میں اپنے مستقبل کے حوالے سے غور کریں گے۔
واضح رہے کہ سابق آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ کی سوانح عمری اور کیمرون بینکرافٹ کے حالیہ بیانات کے بعد 2018 کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل پر ایک بار پھر بحث شروع ہوگئی ہے۔
اس معاملے پر ڈیوڈ وارنر نے بھی عثمان خواجہ کے بیان کو 100 فیصد درست قرار دیا ہے، جبکہ پیٹ کمنز ان دعوؤں کو مضحکہ خیز قرار دے چکے ہیں۔

مصنف نے جامعہ گجرات سے صحافت کی تعلیم حاصل کی ہے اخبار کیساتھ ڈیجیٹل صحافت سے منسلک ہیں۔




