یو اے ای میں 2027 کے دوران 46 فیصد کمپنیوں کا تنخواہوں میں اضافے کا منصوبہ

متحدہ عرب امارات میں آئندہ سال ملازمین کے لیے تنخواہوں میں اضافے کی توقع ہے، جہاں تقریباً 46 فیصد کمپنیاں 2027 میں اپنے ملازمین کی تنخواہوں بڑھانے کا ارادہ رکھتی ہیں، جبکہ اوسط اضافے کی شرح 2.8 فیصد رہنے کا امکان ہے۔

ریکروٹمنٹ ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ 2027 کی سیلری گائیڈ کے مطابق زیادہ تر کمپنیاں ملازمین کی تنخواہوں میں ایک سے 5 فیصد تک اضافہ کرسکتی ہیں، جبکہ 42 فیصد اداروں نے آئندہ سال تنخواہیں موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 2.8 فیصد اضافے کی صورت میں 3 ہزار درہم ماہانہ تنخواہ لینے والے ملازم کی تنخواہ میں 84 درہم (تقریباً 6 ہزار 326 پاکستانی روپے)، 5 ہزار درہم تنخواہ پر 140 درہم (تقریباً 10 ہزار 543 روپے) جبکہ 10 ہزار درہم ماہانہ تنخواہ پر 280 درہم (تقریباً 21 ہزار 87 روپے) کا اضافہ ہوگا۔

یو اے ای میں نئی ملازمتوں کے کتنے مواقع پیدا ہوں گے؟

سیلری گائیڈ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی 42 فیصد کمپنیاں 2027 میں نئی بھرتیاں کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں، جبکہ 32 فیصد ادارے اپنے ملازمین کی موجودہ تعداد برقرار رکھیں گے۔

رپورٹ میں نئی بھرتیوں کے حوالے سے اوسطاً 0.9 فیصد اضافے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی شعبے میں ملازمتوں کے زیادہ امکانات

رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں آئندہ سال رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی شعبوں میں ملازمتوں کے مواقع بڑھنے کے امکانات سب سے زیادہ ہیں، جس سے ان شعبوں سے وابستہ افراد کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوسکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں