وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اگر ڈاکٹرز کے بورڈ نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو سرجری تجویز کی تو حکومت اس کے لیے تمام ضروری سہولیات فراہم کرے گی۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے علاج معالجے کے معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں کی گئی۔ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو ڈاکٹروں کی ہدایات کے مطابق علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ اگر ڈاکٹرز کے بورڈ نے فیصلہ کیا کہ عمران خان کو سرجری کی ضرورت ہے تو حکومت اس حوالے سے بھی سہولت فراہم کرے گی۔
پی ٹی آئی ناکامی کے بعد مذاکرات پر آئی، رانا ثنا اللہ
وزیراعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے پہلے انتشار اور ہنگامہ آرائی چاہتے تھے، تاہم ناکامی کے بعد بات چیت کے لیے آمادہ ہوئے ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ حکومت نے معاملات خوش اسلوبی سے طے کرنے کی کوشش کی، لیکن پی ٹی آئی اس پر آمادہ نہیں ہوئی۔ حکومت کی پالیسی واضح ہے کہ تمام مسائل مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے حل کیے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ مذاکرات کی میز پر کسی قسم کی ڈیل یا ڈھیل زیر غور ہے۔
نئے صوبوں کا معاملہ پارلیمنٹ میں زیر بحث آئے گا، رانا ثنا اللہ
صوبوں کے قیام سے متعلق سوال پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ یہ معاملہ جب پارلیمنٹ میں پہنچے گا تو اس پر بحث ہوگی، جس میں زیادہ دیر نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کا معاملہ ایسا نہیں کہ کوئی ایک شخص اس پر بات کرے اور مسئلہ حل ہوجائے، اس حوالے سے پارلیمنٹ میں بحث اور مشاورت کی جائے گی۔




