امریکی نیشنل سکیورٹی ایجنسی کا انتہائی خفیہ مواصلاتی نیٹ ورک بند ہوگیا، امریکی میڈیا

امریکا کی نیشنل سکیورٹی ایجنسی (این ایس اے) کا اندرونی رابطوں اور خفیہ معلومات کے تبادلے کے لیے استعمال ہونے والا انتہائی حساس نیٹ ورک اچانک بند ہوگیا، تاہم حکام کو تاحال کسی سائبر حملے کے شواہد نہیں ملے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق معاملے سے باخبر 6 افراد نے بتایا کہ ’این ایس اے نیٹ‘ (NSA Net) کے نام سے معروف یہ نیٹ ورک ایجنسی کے ملازمین کو اندرونی سطح پر خفیہ معلومات کے تبادلے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیٹ ورک کی بندش کے باوجود فی الحال کسی سائبر حملے یا بیرونی مداخلت کے شواہد سامنے نہیں آئے۔

ایک موجودہ اور ایک سابق امریکی عہدیدار نے بتایا کہ این ایس اے نیٹ کی بندش سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ہنگامی انٹیلی جنس معلومات فراہم کرنے کی صلاحیت متاثر نہیں ہوئی، جو اپنے صدارتی طیارے ایئر فورس ون میں ایشیا کے دورے پر ہیں۔

عہدیداروں کے مطابق امریکی حکومت کے پاس متعدد متبادل اور بیک اپ مواصلاتی نیٹ ورکس موجود ہیں، جن کے ذریعے صدر کے ساتھ محفوظ رابطہ برقرار رکھا جاسکتا ہے۔

ٹرمپ کا دورہ ایشیا، اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں متوقع

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس وقت فلپائن میں موجود ہیں اور اگلے روز چین روانہ ہوں گے، جہاں ان کی چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات متوقع ہے۔

امریکا میں حالیہ تکنیکی خرابیوں کے بعد این ایس اے نیٹ بند

امریکی میڈیا کے مطابق این ایس اے کے مواصلاتی نظام میں تعطل ایسے وقت سامنے آیا ہے جب حالیہ دنوں میں امریکا اور دنیا بھر میں متعدد بڑے تکنیکی مسائل نے اہم اداروں اور کاروباری سرگرمیوں کو متاثر کیا ہے۔

گزشتہ جمعے کو ایک تکنیکی خرابی کے باعث امریکا بھر میں پروازوں کا نظام کئی گھنٹوں تک متاثر رہا، جس کے نتیجے میں ہزاروں پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں یا منسوخ کردی گئیں۔

اسی طرح گزشتہ ہفتے مائیکروسافٹ کی مختلف مصنوعات میں بڑے تکنیکی تعطل کے باعث دنیا بھر کے صارفین آؤٹ لک ای میل اور مائیکروسافٹ ٹیمز کی میٹنگز تک رسائی حاصل نہیں کرسکے تھے۔

امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ دستیاب معلومات کے مطابق این ایس اے، فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) اور مائیکروسافٹ کے نظام میں آنے والی خرابیوں کو کسی سائبر حملے سے جوڑنے کے شواہد سامنے نہیں آئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں