سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرز کتنی غیر ملکی لیگز کھیل سکیں گے؟ تفصیلات سامنے آگئیں

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے والے قومی کرکٹرز کے لیے غیر ملکی لیگز اور ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی شرائط سامنے آگئی ہیں۔

ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید کے مطابق ٹیسٹ فارمیٹ کھیلنے والے کھلاڑی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے علاوہ کسی ٹی ٹوئنٹی لیگ میں شرکت نہیں کرسکیں گے، تاہم ٹیسٹ اسپیشلسٹ کرکٹرز کو کاؤنٹی چیمپئن شپ کھیلنے کی اجازت ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ ون ڈے فارمیٹ کے کھلاڑی پی ایس ایل کے ساتھ ایک غیر ملکی لیگ کھیل سکیں گے، جبکہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی دونوں فارمیٹس کیٹیگری والے کرکٹرز کو پی ایس ایل کے علاوہ 2 غیر ملکی لیگز میں شرکت کی اجازت ہوگی۔

عاقب جاوید کے مطابق ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ کھلاڑی پی ایس ایل کے علاوہ 3 غیر ملکی لیگز کھیل سکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈیولپمنٹ کیٹیگری کے کھلاڑیوں کی لیگز میں شرکت کا فیصلہ ان کی ترقیاتی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔ پی سی بی طے کرے گا کہ ان کھلاڑیوں کو کس جگہ کھیلنے کی ضرورت ہے، جبکہ اس کیٹیگری کے کرکٹرز کے لیے این او سی کی کوئی شرط نہیں رکھی گئی۔

ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس نے مزید بتایا کہ کھلاڑیوں کی ضرورت کے مطابق انہیں ڈومیسٹک کرکٹ کھلانے کا فیصلہ بھی کیا جائے گا۔

سینٹرل کنٹریکٹ کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ کی لازمی شرط سے متعلق عاقب جاوید نے بتایا کہ ٹیسٹ کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو کم از کم 6 فرسٹ کلاس میچز کھیلنا ہوں گے۔

ٹیسٹ اور ون ڈے کیٹیگری کے کرکٹرز کے لیے 2 فرسٹ کلاس یا 4 ون ڈے میچز کھیلنا لازمی ہوگا، جبکہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو 2 فرسٹ کلاس یا 6 وائٹ بال میچز کھیلنے ہوں گے۔

اسی طرح ٹی ٹوئنٹی کیٹیگری کے کرکٹرز کے لیے 8 سے 10 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کی شرط مقرر کی گئی ہے۔

عاقب جاوید کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ کی لازمی شرط پوری کرنے کے بعد ہی کنٹریکٹ کی رقم جاری کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں