ایشیا کپ بلائنڈ کرکٹ: پاکستان نے بھارت کو ایک وکٹ سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی

ایشیا کپ بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد روایتی حریف بھارت کو ایک وکٹ سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

ڈھاکا میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے کپتان درگاہ راؤ نے 62 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، جبکہ سنجے کمار 30 اور دنا وینکٹیش 26 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

پاکستان کی جانب سے بابر علی، بدر منیر اور محمد ادریس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

نعمت اللہ نے آخری دو گیندوں پر میچ پاکستان کے نام کردیا

180 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان اور بھارت کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا اور میچ آخری اوور تک سنسنی خیز رہا۔

پاکستان کو آخری دو گیندوں پر فتح کے لیے 7 رنز درکار تھے، ایسے میں نعمت اللہ نے پانچویں گیند پر چھکا اور آخری گیند پر چوکا لگا کر پاکستان کو ایک وکٹ سے تاریخی فتح دلادی۔

پاکستان نے 9 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کرکے فائنل میں جگہ بنالی۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل 20 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں