امریکا کو مطلوب منشیات کا بڑا اسمگلر میکسیکو میں گرفتار

امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کی مطلوب ترین افراد کی فہرست میں شامل منشیات کا بڑا اسمگلر فاؤستو ایسدرو میزا فلورس المعروف ’ایل چاپو ایسدرو‘ میکسیکو میں گرفتار کرلیا گیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق میکسیکو کی ریاست سینالوا کے شہر گواسابے میں میکسیکو کی فوج نے ایک بڑے آپریشن کے دوران ایل چاپو ایسدرو کو گرفتار کیا۔

ایل چاپو ایسدرو پر امریکا میں کوکین اور ہیروئن سمیت بھاری مقدار میں منشیات اسمگل کرنے کے الزامات ہیں۔ ایف بی آئی نے اس کی گرفتاری میں مدد دینے پر 50 لاکھ ڈالر (تقریباً ایک ارب 40 کروڑ پاکستانی روپے) انعام بھی مقرر کر رکھا تھا۔ وہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا۔

گرفتاری کے لیے کیے گئے آپریشن کے دوران کارٹیل جنگجوؤں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جبکہ متعدد گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی، جس کے باعث مختلف علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

واقعے کے دوران بیس بال میچ دیکھنے کے لیے آنے والے شائقین جان بچانے کے لیے بھاگ نکلے، جبکہ کھلاڑیوں کو بھی میدان چھوڑنا پڑا۔

میکسیکو کی وزارت دفاع کے مطابق آپریشن میکسیکو کے انٹیلی جنس اداروں اور امریکا کے درمیان رابطے اور باہمی تعاون سے کیا گیا، تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ آیا امریکی اہلکار بھی کارروائی میں براہ راست شریک تھے یا نہیں۔

گرفتار ایل چاپو ایسدرو اور دیگر ملزمان کو میکسیکو کی فضائیہ کے طیارے کے ذریعے دارالحکومت میکسیکو سٹی منتقل کیا گیا، جہاں انہیں استغاثہ کے حوالے کردیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں