اے ڈی بی نے پاکستان کیلئے 50 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی

ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کے وفاقی پنشن نظام میں اصلاحات اور مالی دباؤ کم کرنے کے لیے 50 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے اعلامیے کے مطابق یہ قرض وفاقی سول پنشن نظام میں اصلاحات کے لیے فراہم کیا جائے گا، جس سے پنشن اخراجات میں مسلسل اضافے کے باعث قومی خزانے پر پڑنے والے دباؤ کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے وفاقی پنشن اخراجات 2016 سے اب تک تقریباً 5 گنا بڑھ چکے ہیں اور سالانہ ایک کھرب روپے سے تجاوز کرگئے ہیں۔

اے ڈی بی کے مطابق پاکستان کا سابقہ پنشن نظام غیر فنڈڈ تھا، جس کے تحت پنشن کی ادائیگیوں کا تمام مالی بوجھ وفاقی بجٹ پر پڑتا تھا۔

جولائی 2024 کے بعد بھرتی ہونے والے ملازمین نئے پنشن نظام میں شامل

اعلامیے کے مطابق جولائی 2024 سے بھرتی ہونے والے وفاقی ملازمین کو نئے پنشن نظام میں شامل کیا گیا ہے۔

نئے نظام کے تحت پنشن کے انتظامی ڈھانچے، شفافیت اور ڈیجیٹل نظام کو بہتر بنایا جائے گا، جبکہ اصلاحات سے حکومت کو ترقیاتی منصوبوں اور سماجی شعبوں پر اخراجات کے لیے اضافی مالی گنجائش میسر آئے گی۔

پاکستان نے پنشن نظام کی بہتری کیلئے اہم اقدامات کیے، اے ڈی بی

ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ پاکستان نے اپنے پنشن نظام کو مضبوط اور پائیدار بنانے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنشن نظام میں اصلاحات سے سرکاری مالی وسائل کے بہتر انتظام اور طویل المدتی مالی استحکام میں مدد ملے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں