عالمی بینک نے سندھ کے دیہی علاقوں میں صاف پانی، صفائی اور حفظان صحت کی سہولیات بہتر بنانے کے لیے 30 کروڑ ڈالر کی مالی معاونت کی منظوری دے دی۔
ورلڈ بینک کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق منظور شدہ رقم سندھ میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کی جائے گی، جن کا مقصد دیہی آبادی کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور معیارِ زندگی بہتر بنانا ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اس منصوبے سے سندھ کے دیہی علاقوں میں تقریباً 15 لاکھ افراد مستفید ہوں گے، جبکہ صاف پانی کی فراہمی کے لیے شمسی توانائی سے چلنے والے واٹر سپلائی سسٹم بھی نصب کیے جائیں گے۔
ورلڈ بینک کے مطابق منصوبے میں صفائی اور حفظان صحت کی سہولیات بہتر بنانے پر بھی توجہ دی جائے گی۔ اس اقدام سے بچوں میں غذائی قلت کے باعث قد کی نشوونما متاثر ہونے (اسٹنٹنگ) کے مسئلے پر قابو پانے میں بھی مدد ملنے کی توقع ہے۔




