مظفرگڑھ: پنجاب کے ضلع مظفرگڑھ میں وراثتی زمین کے تنازع پر بھائی نے مبینہ طور پر فائرنگ کرکے 8 ماہ کی حاملہ بہن کو قتل کردیا، پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کردی۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ مقتولہ کی ساس کی مدعیت میں تھانہ جتوئی میں درج کرلیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق مقتولہ ایک بچے کی ماں تھی اور 8 ماہ کی حاملہ بھی تھی۔ ملزم اپنی بہن کے حصے میں آنے والی 4 کنال سے زائد وراثتی زمین اپنے نام منتقل کرانا چاہتا تھا۔
مقدمے میں بتایا گیا ہے کہ مقتولہ اپنے بھائی کے لیے دکان سے کولڈ ڈرنک لے کر آئی تھی۔ کولڈ ڈرنک پینے کے بعد ملزم نے اپنی بہن سے وراثتی زمین اپنے نام منتقل کرنے کا مطالبہ کیا، تاہم انکار پر اس نے مبینہ طور پر فائرنگ کردی اور موقع سے فرار ہوگیا۔
ایف آئی آر کے مطابق مقتولہ کی شناخت ممتاز مائی کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ اس کا شوہر محنت مزدوری کے سلسلے میں سعودی عرب میں مقیم ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔




