ملتان: شوہر اور بچوں کے ساتھ سفر کرنے والی خاتون سے زیادتی کا دعویٰ جھوٹا نکلا

ملتان میں شوہر اور بچوں کے ساتھ سفر کرنے والی خاتون سے مبینہ زیادتی اور ڈکیتی کے واقعے کا ڈراپ سین ہوگیا۔ پولیس کے مطابق میاں بیوی نے رقم لے کر مبینہ طور پر جھوٹا مقدمہ درج کرایا تھا۔

پولیس کے مطابق واقعہ جمعرات کی رات پیش آیا تھا، جس میں خاتون نے زیادتی اور ڈکیتی کا الزام عائد کیا تھا۔ تاہم تحقیقات کے دوران معاملے کے مختلف پہلو سامنے آئے۔

پولیس رپورٹ کے مطابق عابد نامی شخص کا ایک فرد کے ساتھ مالی لین دین کا تنازع تھا۔ اس نے مبینہ طور پر سعد نامی شخص اور اس کی بیوی کو 2 لاکھ 40 ہزار روپے دیے اور انہیں ڈکیتی اور زیادتی کا جھوٹا ڈرامہ رچانے کا منصوبہ دیا۔

رپورٹ کے مطابق منصوبے کے تحت میاں بیوی نے مخصوص مقام پر پہنچ کر پولیس ایمرجنسی نمبر 15 پر کال کرنا تھی اور ڈکیتی کے ساتھ زیادتی کا الزام بھی عائد کرنا تھا۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرنے کے بعد مزید تحقیقات کے لیے میاں بیوی کو طلب کیا، تاہم انہوں نے اپنے موبائل فون بند کردیے۔

تحقیقات کے دوران جیو فینسنگ کے ذریعے پولیس کو عابد اور میاں بیوی کے درمیان مسلسل رابطوں کا پتا چلا۔ پولیس نے عابد کو حراست میں لے کر تفتیش کی تو اس نے مبینہ طور پر اعتراف کیا کہ مالی تنازع کے باعث مخالف کو پھنسانے کے لیے اس نے میاں بیوی کو رقم دی تھی۔

پولیس کے مطابق جھوٹا مقدمہ درج کرانے کے الزام میں عابد اور میاں بیوی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ عابد کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جبکہ میاں بیوی کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

زیادتی کے جھوٹے مقدمات کے مزید 3 کیسز بھی سامنے آگئے

پولیس کے مطابق اس معاملے کے علاوہ اینٹی ریپ ایکٹ کے تحت مزید 3 مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔ ان مقدمات میں الزام ہے کہ متعلقہ افراد نے گزشتہ 6 سے 8 ماہ کے دوران زیادتی کے جھوٹے مقدمات درج کرائے اور بعد ازاں دورانِ ٹرائل عدالت میں صلح کرلی۔

پولیس کا دعویٰ ہے کہ یہ مقدمات مبینہ طور پر بلیک میلنگ کے لیے درج کرائے گئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں