نوجوان تاجر میر رضا کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے میر رضا کے پارٹنر احمد بھردے کا لائسنس یافتہ ذاتی پستول برآمد کرکے فارنزک تجزیے کے لیے بھجوا دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پستول فوڈ چین کی نارتھ ناظم آباد برانچ سے برآمد ہوا، جس کے بعد اسے فارنزک جانچ کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
جے آئی ٹی کی کارروائی کے دوران احمد بھردے کے ریسٹورنٹ کی نارتھ ناظم آباد، بلاک ایل میں واقع برانچ سیل کردی گئی، جبکہ وہاں سے متعلقہ ریکارڈ بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ برانچ کے باہر سکیورٹی اہلکار تعینات کردیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میر رضا کیس کی تحقیقات کے لیے قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تیزی سے کام کر رہی ہے اور مختلف پہلوؤں سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ جوڈیشل کمیشن کی سفارش پر قائم جے آئی ٹی کی سربراہی ڈی آئی جی عرفان بلوچ کر رہے ہیں۔ ٹیم میں انٹیلیجنس بیورو اور سندھ رینجرز کے سپرنٹنڈنٹ سمیت این سی سی آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر بھی شامل ہیں۔
پستول کی فارنزک رپورٹ سامنے آنے کے بعد تحقیقات میں مزید پیش رفت متوقع ہے۔




