مظفرگڑھ: وراثتی زمین کے تنازع پر بھائی کے ہاتھوں 8 ماہ کی حاملہ بہن قتل

مظفرگڑھ میں وراثتی زمین کے تنازع پر بھائی نے مبینہ طور پر فائرنگ کرکے 8 ماہ کی حاملہ بہن کو قتل کردیا، واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ مقتولہ کی ساس کی مدعیت میں تھانہ جتوئی میں درج کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق مقتولہ ممتاز مائی ایک بچے کی ماں تھی اور 8 ماہ کی حاملہ بھی تھی۔ ملزم اپنی بہن کے حصے میں آنے والی 4 کنال سے زائد وراثتی زمین اپنے نام منتقل کرانا چاہتا تھا۔

مقدمے کے مطابق مقتولہ اپنے بھائی کے لیے دکان سے کولڈ ڈرنک لے کر آئی تھی۔ مشروب پینے کے بعد ملزم نے اپنی بہن سے وراثتی زمین اپنے نام منتقل کرنے کا مطالبہ کیا، تاہم انکار پر ملزم نے مبینہ طور پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ممتاز مائی جاں بحق ہوگئی۔

واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔

ایف آئی آر کے مطابق مقتولہ کا شوہر محنت مزدوری کے سلسلے میں سعودی عرب میں مقیم ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں