پرانا اسمارٹ فون پھینکنے کے بجائے پیسے بچانے کے 9 کارآمد طریقے

اگر آپ نئے اسمارٹ فونز کے شوقین ہیں تو پرانی ڈیوائسز کو فروخت کرنے کے بجائے مختلف کارآمد کاموں کے لیے استعمال کرکے کئی اخراجات سے بچ سکتے ہیں۔

نئے فلیگ شپ اسمارٹ فونز کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں، جس کے باعث ہر چند ماہ بعد نیا فون خریدنا جیب پر بھاری پڑ سکتا ہے۔

تاہم پرانا اسمارٹ فون مکمل طور پر بیکار نہیں ہوتا اور اسے معمولی تبدیلیوں یا مفت ایپس کی مدد سے مختلف کاموں کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

وائرلیس ویب کیم بنائیں

اگر آپ کے کمپیوٹر میں ویب کیم موجود نہیں یا لیپ ٹاپ کا کیمرا معیاری نہیں تو پرانا اسمارٹ فون بہترین متبادل ثابت ہوسکتا ہے۔

مختلف مفت ایپس کی مدد سے فون کے کیمرے کو وائرلیس ویب کیم میں تبدیل کیا جاسکتا ہے، یوں الگ سے ویب کیم خریدنے کی ضرورت نہیں رہتی۔

یونیورسل ریموٹ کنٹرول

گھر میں ریموٹ کنٹرول کا گم ہوجانا عام بات ہے، لیکن پرانا اسمارٹ فون اس مسئلے کا مستقل حل بن سکتا ہے۔

مناسب ایپس کی مدد سے فون کو یونیورسل ریموٹ میں تبدیل کیا جاسکتا ہے، جو متعدد ڈیوائسز کو کنٹرول کرنے کے لیے استعمال ہوسکتا ہے۔

گاڑی کا ڈیش کیم

ڈرائیونگ کے دوران ڈیش کیم حادثات یا دیگر واقعات کی ریکارڈنگ کے لیے مفید ثابت ہوسکتا ہے، تاہم معیاری ڈیش کیم خریدنا مہنگا پڑ سکتا ہے۔

پرانے اسمارٹ فون کے کیمرے اور مناسب ایپ کی مدد سے اسے ڈیش کیم کے طور پر استعمال کرکے یہ خرچ بچایا جاسکتا ہے۔

الارم کلاک

پرانے فون کو الارم کلاک کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

مختلف ایپس کے ذریعے اپنی پسند کی آواز یا گانے کو الارم کے طور پر سیٹ کرکے فون کو بستر کے قریب رکھا جاسکتا ہے۔ اسے وقتاً فوقتاً چارج کرتے رہیں تاکہ یہ مسلسل کام کرتا رہے۔

ای ریڈر

اگر آپ موبائل یا دیگر ڈیوائسز پر کتابیں پڑھنے کے شوقین ہیں تو پرانا اسمارٹ فون ای ریڈر کا کام بھی دے سکتا ہے۔

غیر ضروری ایپس اور ڈیٹا حذف کرکے مفت ای ریڈر ایپس انسٹال کی جاسکتی ہیں، جس کے بعد فون کو مطالعے کے لیے مخصوص ڈیوائس کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔

سکیورٹی کیمرا

پرانے اسمارٹ فون کو گھر کی نگرانی کے لیے سکیورٹی کیمرے میں بھی تبدیل کیا جاسکتا ہے۔

فون کے کیمرے، وائی فائی کنکشن اور مناسب ایپ کی مدد سے گھر کے کسی حصے پر نظر رکھی جاسکتی ہے، جس سے الگ سکیورٹی کیمرا خریدنے کا خرچ کم ہوسکتا ہے۔

ایم پی تھری پلیئر

پرانا فون میوزک پلیئر کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

غیر ضروری ڈیٹا حذف کرکے اس میں گانے اور میوزک ایپس رکھی جاسکتی ہیں، یوں موسیقی سننے کے لیے الگ ایم پی تھری پلیئر خریدنے کی ضرورت نہیں رہتی۔

گیمنگ ڈیوائس

اگر پرانے فون کی کارکردگی اب بھی مناسب ہے تو اسے مخصوص گیمنگ ڈیوائس کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔

اینڈرائیڈ یا آئی او ایس گیمز کے علاوہ مناسب انٹرنیٹ کنکشن کی صورت میں کلاؤڈ گیمنگ اور گیم اسٹریمنگ سروسز سے بھی فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔

پلے اسٹیشن صارفین پی ایس ریموٹ پلے کے ذریعے اپنی کنسول گیمز موبائل پر بھی کھیل سکتے ہیں۔

ڈیجیٹل فوٹو فریم

پرانے اسمارٹ فون کو ڈیجیٹل فوٹو فریم میں تبدیل کرنا بھی ایک آسان طریقہ ہے۔

منتخب تصاویر کا البم بنا کر سلائیڈ شو چلایا جاسکتا ہے، جس کے بعد فون کو گھر یا دفتر میں ڈیجیٹل فوٹو فریم کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔

اس طرح پرانا اسمارٹ فون کسی اضافی خرچ کے بغیر ایک نئی اور کارآمد ڈیوائس میں تبدیل ہوسکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں