گوگل کی سرپرست کمپنی الفابیٹ نے نیا مصنوعی ذہانت (اے آئی) ماڈل ’جیمنائی 4 آرگون‘ متعارف کرا دیا۔
کمپنی کے مطابق نیا اے آئی ماڈل کوڈنگ، تحقیق اور تحریر سمیت مختلف نوعیت کے پیچیدہ کام انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
الفابیٹ نے جیمنائی 4 آرگون کو اپنا اب تک کا طاقتور ترین اے آئی ماڈل قرار دیا ہے، جبکہ سائبر سیکیورٹی کو اس کی نمایاں خصوصیات میں شامل کیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق جیمنائی 4 آرگون کو ابتدائی طور پر محدود سائبر سیکیورٹی شراکت داروں کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔
ایک بلاگ پوسٹ میں گوگل نے بتایا کہ اس اے آئی ماڈل کو دفاعی سائبر سیکیورٹی کے کاموں کے لیے تربیت دی گئی ہے، جہاں یہ سافٹ ویئر کی کمزوریوں کی خودکار طور پر نشاندہی کرنے اور انہیں دور کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔
کمپنی کے مطابق جیمنائی 4 آرگون کو کوڈنگ کے لیے بھی مؤثر بنایا گیا ہے اور گوگل کے ملازمین اسے روزمرہ کے کاموں، جن میں ڈی بگنگ اور کوڈ بیس مائیگریشن شامل ہیں، کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
گوگل کا کہنا ہے کہ نیا اے آئی ماڈل پیچیدہ اور طویل مدتی کام انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، جس سے کام کرنے کے روایتی طریقوں میں تبدیلی آسکتی ہے۔
واضح رہے کہ مصنوعی ذہانت کے شعبے میں ابتدائی مسابقت کے دوران گوگل کو بعض حریف کمپنیوں کے مقابلے میں پیچھے سمجھا جاتا تھا، تاہم حالیہ عرصے میں جیمنائی کی ترقی میں تیزی دیکھی گئی ہے۔
گوگل نے اگست میں اعلان کیا تھا کہ دنیا بھر میں جیمنائی استعمال کرنے والے افراد کی تعداد ایک ارب سے تجاوز کرچکی ہے۔




