کراچی: گھر میں ڈکیتی کی کوشش، مزاحمت پر فائرنگ سے ایک بھائی جاں بحق، دوسرا زخمی

کراچی کے علاقے فقیرا گوٹھ میں گھر میں ڈکیتی کی کوشش کے دوران مزاحمت پر مسلح ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک بھائی جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق سائٹ سپر ہائی وے فقیرا گوٹھ میں چاند بنگلے کے قریب 4 مسلح ملزمان ڈکیتی کی نیت سے ایک گھر میں داخل ہوئے۔

اہلخانہ کی جانب سے شور مچانے پر ملزمان نے فائرنگ کردی اور موقع سے فرار ہوگئے۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق جبکہ اس کا بھائی زخمی ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق اور زخمی ہونے والے دونوں بھائی ہیں۔ ابتدائی طور پر واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا معلوم ہوتا ہے، جبکہ جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کے 2 خول بھی ملے ہیں۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

جاں بحق شخص کے بھائی عدنان نے میڈیا کو بتایا کہ وہ بھائیوں سمیت فروٹ کا کاروبار کرتے ہیں، مقتول عامر 3 بچوں کا باپ تھا جبکہ ان کا آبائی تعلق رحیم یار خان سے ہے۔

پولیس کے مطابق ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد مقتول کی لاش ورثا کے حوالے کردی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں