جی میل میں صارفین کیلئے نیا کارآمد فیچر متعارف

جی میل نے صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے جس کا مقصد مختلف آن لائن اکاؤنٹس میں لاگ اِن ہونے کے عمل کو مزید آسان بنانا ہے۔

رپورٹ کے مطابق جی میل میں کاپی کوڈ (Copy Code) نامی نیا فیچر متعارف کرایا گیا ہے، جو اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز کے صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔

اس فیچر کے ذریعے صارفین کے لیے ٹو فیکٹر آتھنٹیکیشن (2FA) کوڈ استعمال کرتے ہوئے مختلف آن لائن اکاؤنٹس میں لاگ اِن کرنا آسان ہوجائے گا۔

ٹو فیکٹر آتھنٹیکیشن کا مقصد آن لائن اکاؤنٹس کو اضافی سیکیورٹی فراہم کرنا ہے، تاہم عام طور پر جب 2FA کوڈ جی میل پر موصول ہوتا ہے تو صارف کو پہلے ای میل کھولنا، کوڈ تلاش کرنا اور پھر اسے کاپی کرکے متعلقہ اکاؤنٹ میں پیسٹ کرنا پڑتا ہے۔

نئے فیچر کے ذریعے اس عمل کو مختصر کردیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق کاپی کوڈ شارٹ کٹ کے ذریعے 2FA کوڈ براہ راست فون کی نوٹیفکیشن میں نظر آئے گا، جہاں صارف صرف ایک کلک کے ذریعے کوڈ کاپی کرکے متعلقہ اکاؤنٹ میں پیسٹ کرسکے گا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ فیچر متعدد آن لائن سروسز کی جانب سے بھیجی جانے والی ویریفکیشن ای میلز کے ساتھ کام کرتا ہے۔

تاہم فی الحال یہ سہولت صرف موبائل ڈیوائسز، یعنی اینڈرائیڈ اور آئی او ایس پر دستیاب ہے جبکہ جی میل کے ویب ورژن میں اسے شامل نہیں کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں