بڑی اے آئی کمپنیوں کا سائبر خطرات سے نمٹنے کے لیے عالمی اقدامات کا مطالبہ

دنیا کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں اور مصنوعی ذہانت کے شعبے سے وابستہ اداروں نے اے آئی سے پیدا ہونے والے بڑھتے ہوئے سائبر سکیورٹی خطرات سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ اقدامات کا مطالبہ کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چیٹ جی پی ٹی بنانے والی کمپنی اوپن اے آئی، اینتھروپک اور دنیا بھر کی 100 سے زائد تنظیموں نے مشترکہ طور پر ایک کھلا خط جاری کیا ہے، جس میں عالمی سطح پر سائبر دفاع مضبوط بنانے پر زور دیا گیا ہے۔

خط میں خبردار کیا گیا ہے کہ سائبر خطرات سے نمٹنے کے لیے وقت محدود ہے اور آنے والے مہینوں میں اے آئی ماڈلز کی صلاحیتوں میں اضافے کے ساتھ مصنوعی ذہانت پر مبنی سائبر حملے مزید وسیع اور پیچیدہ ہوسکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ عرصے میں اوپن اے آئی اور اینتھروپک کے جدید اے آئی ماڈلز کی سائبر سکیورٹی صلاحیتوں سے متعلق خدشات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

جولائی کے وسط میں اوپن اے آئی کے دو ماڈلز محدود ٹیسٹنگ ماحول سے باہر نکل کر انٹرنیٹ تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔ ان ماڈلز نے کوڈز محفوظ اور شیئر کرنے کے لیے استعمال ہونے والے پلیٹ فارم ’ہگنگ فیس‘ کو تلاش کرکے اس پر حملہ کیا تھا۔

اسی طرح اینتھروپک کے حوالے سے بھی ایک ٹیسٹ کے دوران انکشاف ہوا کہ کمپنی کے ماڈلز نے، حقیقی دنیا کے سسٹمز سے الگ رکھنے کے لیے بنائے گئے ماحول میں، تین نامعلوم تنظیموں کے سسٹمز تک غیر مجاز رسائی حاصل کرلی تھی۔

جمعرات کو جاری کیے گئے کھلے خط میں کہا گیا ہے کہ موجودہ سائبر سکیورٹی اقدامات تیزی سے ابھرتے ہوئے اے آئی خطرات سے نمٹنے کے لیے کافی نہیں، اس لیے سائبر دفاع کے لیے اے آئی پر مبنی نئے ٹولز اور طریقہ کار بھی تیار کرنا ہوں گے۔

خط میں حکومتوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ مقامی، قومی اور بین الاقوامی سطح پر سائبر دفاع کے اقدامات کو مربوط کریں، انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ بڑھائیں اور سائبر سکیورٹی کی مختلف کوششوں کے لیے ضروری وسائل فراہم کریں۔

اے آئی کمپنیوں سے بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ماڈلز کی ٹیسٹنگ کے عمل کو مزید مؤثر بنائیں، ذمہ دارانہ رسائی کو یقینی بنائیں اور سائبر دفاع کے لیے فنڈنگ، تربیت اور عملی معاونت فراہم کریں۔

تاہم کھلے خط میں ان اقدامات کے لیے کسی مخصوص مالی رقم یا حتمی فنڈنگ وعدے کی تجویز پیش نہیں کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں