چینی ہیومنائیڈ روبوٹ نے یوسین بولٹ کا 100 میٹر ریکارڈ توڑ دیا

چین میں تیار کیے گئے ہیومنائیڈ روبوٹ نے 100 میٹر دوڑ میں جمیکن ایتھلیٹ یوسین بولٹ کے انسانی عالمی ریکارڈ سے بہتر وقت حاصل کرلیا۔

چینی میڈیا کے مطابق چینی کمپنی کے تیار کردہ ہیومنائیڈ روبوٹ ’لائٹننگ‘ نے 100 میٹر کا فاصلہ 9.32 سیکنڈ میں طے کیا، جو یوسین بولٹ کے 9.58 سیکنڈ کے عالمی ریکارڈ سے کم وقت ہے۔

رپورٹس کے مطابق روبوٹ نے ہفتے سے شروع ہونے والے دوسرے ورلڈ ہیومنائیڈ روبوٹ گیمز کی تیاری کے سلسلے میں ہونے والی دوڑ میں حصہ لیا اور زیادہ سے زیادہ 14.5 میٹر فی سیکنڈ رفتار حاصل کی۔

جمیکن ایتھلیٹ یوسین بولٹ نے 2009 میں 100 میٹر کا فاصلہ 9.58 سیکنڈ میں طے کرکے عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔ اس دوران ان کی اوسط رفتار تقریباً 10.44 میٹر فی سیکنڈ رہی تھی۔

تاہم روبوٹ اور انسانی دوڑ کے ریکارڈ کا موازنہ کرتے ہوئے یہ بات اہم ہے کہ دونوں کی دوڑ کے حالات اور طریقہ کار یکساں نہیں، اس لیے روبوٹ کی کارکردگی کو انسانی عالمی ایتھلیٹکس ریکارڈ کے طور پر شمار نہیں کیا جائے گا۔

ہیومنائیڈ روبوٹس کی بڑھتی ہوئی رفتار اور جسمانی صلاحیتوں نے ٹیکنالوجی کے میدان میں نئی بحث چھیڑ دی ہے، جبکہ روبوٹکس کے ماہرین کی جانب سے ایسے تجربات کو مستقبل کے روبوٹس کی کارکردگی میں اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں