پشاور: شادی سے انکار پر نوجوان پر مبینہ تیزاب پھینکنے والی خاتون گرفتار

پشاور کے علاقے چمکنی میں شادی سے انکار پر نوجوان پر مبینہ طور پر تیزاب پھینکنے والی خاتون کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق واقعے کی ایف آئی آر میں نامزد خاتون کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر نوجوان پر تیزاب پھینکتے ہوئے ملزمہ خود بھی زخمی ہوگئی تھی۔

پولیس کے مطابق تیزاب سے خاتون کے ہاتھ، پاؤں اور جسم کے دیگر حصے جھلس گئے تھے، جس کے باعث اسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد ملزمہ کا ریمانڈ حاصل کرکے واقعے سے متعلق مزید تفتیش اور پوچھ گچھ کی جائے گی۔

پولیس کے مطابق مبینہ طور پر شادی سے انکار پر خاتون نے نوجوان پر تیزاب پھینکا، جس کے بعد واقعے کا مقدمہ گزشتہ روز تھانہ چمکنی میں درج کیا گیا تھا۔

واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ پولیس ملزمہ سے تفتیش کے ذریعے واقعے کے محرکات اور دیگر تفصیلات معلوم کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں