گوگل نے اپنی مقبول نیوی گیشن سروس ’گوگل میپس‘ میں صارفین کی سہولت کے لیے ایک نئے کارآمد فیچر کی آزمائش شروع کردی ہے، جس کے ذریعے محفوظ کیے گئے تمام مقامات کو بیک وقت میپ سے چھپایا جاسکے گا۔
گوگل میپس دنیا بھر میں لاکھوں صارفین روزمرہ سفر اور اہم مقامات کی تلاش کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ صارفین اس میں اپنی پسندیدہ یا ضروری جگہوں کو محفوظ کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف مقامات کی فہرستیں بھی بنا سکتے ہیں۔
محفوظ کیے گئے مقامات کی یہ فہرستیں گوگل میپس کے ’یو‘ ٹیب میں دیکھی جاسکتی ہیں، تاہم اگر کسی صارف نے بڑی تعداد میں مقامات محفوظ کر رکھے ہوں تو میپ پر یہ مقامات بعض اوقات اسکرین کو غیر ضروری طور پر بھر دیتے ہیں۔
فی الحال صارفین کو ہر فہرست الگ الگ چھپانا پڑتی ہے، تاہم گوگل اب اس عمل کو مزید آسان بنانے پر کام کررہا ہے۔
اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق گوگل میپس کے نئے بیٹا ورژن میں ایک ایسا فیچر دیکھا گیا ہے جس کے ذریعے صارفین تمام محفوظ مقامات کو ایک ہی مرتبہ میں میپ سے چھپا سکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق نئے فیچر میں ’آل سیوڈ پلیسز‘ کے نام سے ایک آپشن موجود ہوگا، جس کے ساتھ ’ہائیڈ آن یور میپ‘ کا آپشن بھی دکھائی دے گا۔ یہ آپشن فہرست کے ساتھ موجود تھری ڈاٹ مینو پر کلک کرنے کے بعد نظر آئے گا۔
اس آپشن کو منتخب کرنے پر صارفین کو ایک تصدیقی پیغام دکھایا جائے گا، جس کے بعد تمام محفوظ مقامات میپ پر چھپ جائیں گے۔
گوگل کے مطابق صارفین بعد میں اپنی ضرورت کے مطابق محفوظ مقامات کی فہرستوں کو دوبارہ میپ پر بحال بھی کرسکیں گے۔
یہ فیچر فی الحال بیٹا ورژن میں آزمائشی مرحلے میں ہے اور گوگل کی جانب سے اسے تمام صارفین کے لیے کب متعارف کرایا جائے گا، اس بارے میں حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی




