ریٹیلرز کیلئے فکسڈ ٹیکس اسکیم ناکام، 10 لاکھ نان فائلرز کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

حکومت نے ریٹیلرز کے لیے متعارف کرائی گئی فکسڈ ٹیکس اسکیم کو خاطر خواہ پذیرائی نہ ملنے کے بعد 10 لاکھ نان فائلرز کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین راشد لنگڑیال نے سینیٹ کی متعلقہ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ریٹیلرز ٹیکس نیٹ میں شامل نہ ہوئے تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

اس موقع پر وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت کو ٹیکس وصولی کے لیے ’گاجر اور چھڑی‘ کی پالیسی اپنانا ہوگی۔

ایف بی آر حکام کے مطابق ملک میں تقریباً 43 لاکھ ریٹیلرز ہیں، جن میں سے صرف 6 لاکھ ٹیکس فائلرز ہیں جبکہ 37 لاکھ ریٹیلرز ٹیکس نیٹ سے باہر ہیں۔

حکام نے بتایا کہ ریٹیلرز کے لیے ایک فیصد فکسڈ ٹیکس اسکیم متعارف کرائی گئی تھی، تاہم اسے خاطر خواہ پذیرائی نہیں ملی۔

ایف بی آر کے مطابق انتہائی سازگار قرار دی جانے والی اس اسکیم سے فائدہ نہ اٹھانے والے تقریباً 10 لاکھ نان فائلرز کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا جائے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کا مقصد زیادہ سے زیادہ ریٹیلرز کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنا اور ٹیکس وصولی کا دائرہ وسیع کرنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں