حکومت کا پنشن اصلاحات کیلئے اے ڈی بی سے 50 کروڑ ڈالر قرض لینے کا منصوبہ

حکومت نے پنشن اصلاحات کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) سے 50 کروڑ ڈالر قرض لینے کا منصوبہ بنایا ہے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 138 ارب 48 کروڑ روپے کے برابر ہے۔

جیو نیوز کو دستیاب معلومات کے مطابق اس منصوبے کو ’ٹرانسفارمنگ پبلک سیکٹر پنشن پروگرام‘ کا نام دیا گیا ہے۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق اے ڈی بی سے حاصل کیا جانے والا 50 کروڑ ڈالر کا پروگرام لون 3 سال پر مشتمل ہوگا، جبکہ اس میں 15 کروڑ 92 لاکھ ڈالر کی تکنیکی معاونت بھی شامل ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پروگرام یکم نومبر 2026 سے شروع ہوگا اور نومبر 2029 میں مکمل کیا جائے گا۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق نیا قرض پروگرام پنشن اصلاحات کے نتائج سے منسلک ہوگا، جبکہ موجودہ پنشن نظام قومی خزانے پر مسلسل مالی بوجھ بن چکا ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کا سالانہ پنشن بل 1169 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں