امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے رواں ہفتے ایران کے ساتھ مزید مذاکرات کا امکان ظاہر کردیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہیں توقع ہے کہ امریکی مذاکرات کار رواں ہفتے ایران کے ساتھ مزید بات چیت کریں گے۔

ایگزیوس کو دیے گئے انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران معاہدہ کرنا چاہتا ہے، تاہم تہران کی جانب سے پیش کی جانے والی شرائط وہ نہیں جو امریکا چاہتا ہے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ جن شرائط پر اب بات ہورہی ہے، ممکن ہے امریکا تقریباً ایک سال قبل ان پر اتفاق کرلیتا۔

ایران کے خلاف دوبارہ فوجی حملے شروع کرنے پر غور سے متعلق سوال پر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ اس بارے میں ہمیشہ سوچتے رہتے ہیں۔

دوسری جانب ٹرمپ نے بتایا کہ امریکی فوج آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی بڑی مقدار کی ترسیل کیلئے سہولیات اور سکیورٹی فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ جنگ شروع ہونے کے بعد گزشتہ روز آبنائے ہرمز کے راستے تیل کی سب سے بڑی مقدار گزری۔

ایک امریکی دفاعی عہدیدار نے بھی صدر ٹرمپ کے بیان کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جمعے کی رات آبنائے ہرمز کے راستے 2 کروڑ 20 لاکھ بیرل تیل برآمد کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں