علیمہ خان کو 3 ایم پی او کے تحت حراست میں لے لیا گیا، کوٹ لکھپت جیل منتقل

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ علیمہ خان کو 3 ایم پی او کے تحت حراست میں لے لیا گیا ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق علیمہ خان اپر مال میں واقع اپنے گھر سے جم جانے کے لیے نکلی تھیں کہ انہیں حراست میں لے لیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ علیمہ خان کو لٹن روڈ پولیس نے حراست میں لیا، جبکہ ان کی گاڑی تھانے میں کھڑی ہے۔

پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق علیمہ خان کو بعد ازاں کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا گیا۔

بیرسٹر گوہر کی گرفتاری کی مذمت

پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے علیمہ خان کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نورین نیازی نے انہیں فون پر علیمہ خان کی گرفتاری سے آگاہ کیا۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ واضح کیا ہے کہ اس کا مارچ پُرامن اور سیاسی ہوگا، جس کا مقصد آئینی اور سیاسی مطالبات کے لیے پُرامن جدوجہد کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کسی قسم کا تصادم یا تشدد نہیں چاہتی، علیمہ خان کو گرفتار یا نظربند رکھنا تشدد اور کشیدگی کو ہوا دینے کے مترادف ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ علیمہ خان کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہیں، حالات خراب کرنے کے ایسے اقدامات فوری طور پر بند کیے جائیں اور علیمہ خان کو رہا کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات کے خلاف پارٹی اپنا لائحہ عمل جلد دے گی۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 27 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں