عالمی منی لانڈرنگ نیٹ ورک کا مبینہ سربراہ یو اے ای سے گرفتار

متحدہ عرب امارات اور سویڈن کی مشترکہ کارروائی میں عالمی منی لانڈرنگ نیٹ ورک کے مبینہ سربراہ کو یو اے ای سے گرفتار کرلیا گیا۔

اماراتی وزارت داخلہ کے مطابق گرفتار شخص سویڈن کا شہری ہے جس کے خلاف انٹرپول کی جانب سے ریڈ نوٹس جاری کیا گیا تھا۔

اماراتی حکام کے مطابق کارروائی کے دوران سویڈن میں نیٹ ورک کے مزید 6 مبینہ ارکان کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ منی لانڈرنگ نیٹ ورک نے 10 ماہ کے دوران تقریباً 7 کروڑ سویڈش کرونا منتقل کیے۔

اماراتی وزارت داخلہ کے مطابق مذکورہ رقم مبینہ طور پر جرائم سے حاصل ہونے والی آمدن کو چھپانے اور اسے دیگر جرائم پیشہ گروہوں تک منتقل کرنے کے لیے استعمال کی جاتی تھی۔

حکام کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ دونوں ممالک کے متعلقہ ادارے معاملے کی مزید چھان بین کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں