عالمی سرمایہ کاروں کا پاکستانی معیشت پر اعتماد بحال ہوا ہے: وزیر خزانہ

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ عالمی سرمایہ کاروں کا پاکستانی معیشت پر اعتماد دوبارہ بحال ہوا ہے اور یہ اعتماد صرف موجودہ معاشی صورتحال نہیں بلکہ پاکستان کے مستقبل پر بھی ہے۔

اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت ٹیکس نظام میں جامع اصلاحات پر عمل پیرا ہے، ٹیکس کا دائرہ کار بڑھایا جارہا ہے اور اصلاحات کے نتیجے میں ٹیکس وصولی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیر قانونی معیشت کی روک تھام کے لیے بھی عملی اقدامات جاری ہیں۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ عالمی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد دوبارہ بحال ہوا ہے، جبکہ یورو بانڈ تین سالہ درمیانی مدت کی جی ایم ٹی این حکمت عملی کا حصہ ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ بیرونی فنانسنگ کے معاملے میں بھی میچورٹیز بڑھانے اور رول اوور رسک کم کرنے کی حکمت عملی اپنائی جارہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان سکوک، ڈالر سیٹلڈ بانڈز اور پانڈا بانڈز کے ذریعے بیرونی فنانسنگ کے ذرائع کو متنوع بنا رہا ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت معاشی اصلاحات کے ذریعے معیشت کو مزید مستحکم بنانے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو برقرار رکھنے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں