اسلام آباد: چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے حکومت سے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کردیا۔
اپنے بیان میں سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا کہ ملک بھر میں مہنگائی 9.66 فیصد کی شرح سے بڑھ رہی ہے، جس کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 23 بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام پر اضافی مالی بوجھ ڈال رہا ہے، جبکہ منافع خور اور مافیاز اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کررہے ہیں۔
سینیٹر محمد عبدالقادر کا کہنا تھا کہ حکومت کو مہنگائی پر قابو پانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مصنوعی اضافے کے ذمہ دار منافع خوروں اور مافیاز کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جاسکے۔




