راولپنڈی: پولیس نے ٹیکسلا میں ٹک ٹاکر شمسو بی بی عرف عائشہ گلامنہ کے قتل کے الزام میں والد اور بھائی سمیت پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی آپریشنز راولپنڈی طارق محبوب نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں قتل کے پیچھے غیرت کے نام پر قتل کا شبہ سامنے آیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کیس کی تحقیقات کے دوران 100 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز کا جائزہ لیا گیا، جبکہ ہیومن انٹیلیجنس سمیت دیگر دستیاب ذرائع سے بھی مدد لی گئی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں مقتولہ کے والد فضل، بھائی بشیر، چچا زاد بھائی احسان، والد کے چچا روزی خان اور چچا زاد بھائی کا بیٹا یاسین شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ عائشہ گلامنہ کے قتل کی منصوبہ بندی اس کے والد اور بھائی نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر اپنے آبائی علاقے لوئر دیر میں کی تھی۔
ایس ایس پی آپریشنز طارق محبوب نے کہا کہ کیس میں ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں اور انہیں چالان کرکے عدالت سے قرار واقعی سزا دلوانے کی کوشش کی جائے گی۔
پولیس کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں سے مزید تفتیش جاری ہے۔




