حکومت نے تاجروں کیلئے ریٹیلر اسکیم ایپ لانچ کردی

حکومت نے تاجروں اور چھوٹے دکانداروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے ریٹیلر اسکیم ایپ لانچ کردی۔

اسلام آباد میں وزیر خزانہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ ریٹیلر اسکیم ایپ کا آج سے باقاعدہ اجرا کردیا گیا ہے، جبکہ یہ ایپ تاجروں کی مشاورت سے تیار کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ریٹیلر اسکیم ایپ ان دکانداروں کے لیے بھی ہے جو ابھی تک ٹیکس نیٹ میں شامل نہیں۔ ایپ کے ذریعے دکاندار فائلر بن سکیں گے جبکہ چھوٹے دکاندار موبائل فون سے ہی ٹیکس ریٹرن فائل کرسکیں گے۔

بلال اظہر کیانی نے کہا کہ ریٹیلر اسکیم کے تحت دکانداروں کو پوائنٹ آف سیلز سے استثنیٰ دیا جائے گا، جبکہ چھوٹے دکانداروں کو کم از کم 25 ہزار روپے ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔

ان کے مطابق اسکیم میں رجسٹرڈ تاجروں کو گرین پلیٹ جاری کی جائے گی اور جس دکان پر گرین پلیٹ نصب ہوگی وہاں ایف بی آر افسر داخل نہیں ہوگا۔

وزیر مملکت برائے خزانہ نے بتایا کہ ایپ میں رجسٹرڈ دکانداروں کی سیل پر ایک فیصد ٹیکس عائد ہوگا۔ ستمبر کے پہلے ہفتے تک ریٹیلر اسکیم ایپ مقامی زبانوں میں بھی دستیاب ہوگی۔

بلال اظہر کیانی نے امید ظاہر کی کہ ریٹیلر اسکیم کے ذریعے لاکھوں تاجر ٹیکس نیٹ میں شامل ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ اسکیم کامیاب ہوئی تو اس سے سیلری کلاس پر ٹیکس کا بوجھ کم کرنے میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر وزیر خزانہ نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے کے لیے بھی ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کا عمل آسان بنایا جا رہا ہے اور سیلری کلاس کا ٹیکس ریٹرن فارم مزید سادہ کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں