وفاقی حکومت نے ملک میں گندم کی ضروریات پوری کرنے کے لیے 10 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری دے دی۔
وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی رانا تنویر حسین کے مطابق گندم کی درآمد کے حوالے سے حتمی فیصلہ آئندہ ہفتے کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کرے گی۔
رانا تنویر حسین نے بتایا کہ ای سی سی یہ فیصلہ کرے گی کہ 10 لاکھ ٹن گندم کی درآمد سرکاری شعبے کے ذریعے کی جائے گی یا نجی شعبے کو گندم درآمد کرنے کی اجازت دی جائے گی۔
وفاقی وزیر کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت بھی آئندہ ہفتے گندم کی درآمد سے متعلق اہم فیصلے کیے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ صوبوں نے بھی گندم کی اپنی ضروریات سے وفاقی حکومت کو آگاہ کردیا ہے۔ پنجاب نے 8 لاکھ ٹن، سندھ نے 7 لاکھ ٹن جبکہ خیبر پختونخوا نے 5 لاکھ ٹن گندم کی ضرورت ظاہر کی ہے۔
حکومت کی جانب سے گندم درآمد کرنے کا فیصلہ ملک میں گندم کی دستیابی اور آئندہ ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔




