پاکستان اور ایران نے دوطرفہ تجارتی حجم کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانے اور اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
پاکستان اور ایران کے درمیان مشترکہ تجارتی کمیٹی (جوائنٹ ٹریڈ کمیٹی) کے دسویں اجلاس میں دونوں ممالک کے وفود نے باہمی تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی روابط کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مضبوط معاشی شراکت داری میں تبدیل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، جن سے بھرپور استفادہ کیا جانا چاہیے۔
وفاقی وزیر تجارت نے پاک ایران فری ٹریڈ ایگریمنٹ کو جلد حتمی شکل دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوگا اور کاروباری برادری کو نئی سہولتیں میسر آئیں گی۔
اجلاس میں دونوں ممالک نے اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم بنانے، تجارتی روابط کو فروغ دینے اور دوطرفہ تجارتی حجم کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کے لیے مشترکہ کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کیا۔




