پاکستان نے جولائی کے دوران گیس کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ایک اور اسپاٹ ایل این جی (LNG) کارگو خرید لیا، جسے رواں ماہ کا مہنگا ترین اسپاٹ کارگو قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (PLL) نے ایل این جی کی سپلائی کے لیے موصول ہونے والی بولیاں کھولیں، جس میں دو عالمی کمپنیوں نے حصہ لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کم ترین کامیاب بولی 20.69 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو رہی، جبکہ دوسری کمپنی نے 21.37 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کی پیشکش کی۔
حاصل کی گئی معلومات کے مطابق خریدا گیا ایل این جی کارگو 21 سے 22 جولائی کے درمیان پاکستان پہنچنے کی توقع ہے۔
توانائی شعبے کے ذرائع کے مطابق عالمی مارکیٹ میں ایل این جی کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث اسپاٹ کارگو کی لاگت میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جبکہ حکومت گیس کی طلب پوری کرنے کے لیے درآمدی انتظامات جاری رکھے ہوئے ہے۔




