چیف منسٹر گولڈ کپ فٹبال ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے کراچی سے کوئٹہ جانے والی ڈسٹرکٹ ویسٹ کی فٹبال ٹیم سمیت بس میں سوار تمام مسافروں کو مسلح رہزنوں نے لوٹ لیا۔
ٹیم کے منیجر ذوالفقار علی بھٹو کے مطابق مستونگ اور سریاب کے درمیان مسلح رہزنوں نے بس کے آگے گاڑی کھڑی کرکے اسے روک لیا اور جدید اسلحے کے زور پر مسافروں کو یرغمال بنا لیا۔
انہوں نے بتایا کہ ایک گھنٹے تک مسافروں اور کھلاڑیوں کی تلاشی لی گئی اور لاکھوں روپے مالیت کے موبائل فونز اور نقدی لوٹ لی گئی، جبکہ مزاحمت پر متعدد مسافروں اور کھلاڑیوں کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا۔
ذوالفقار علی بھٹو کے مطابق ایک درجن سے زائد مسلح افراد نے چہروں پر ڈھاٹے باندھ رکھے تھے۔ واردات کے بعد رہزنوں نے بس کو جانے کی اجازت دے دی۔
انہوں نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر دور رینجرز چوکی پر پہنچ کر اہلکاروں کو واقعے سے آگاہ کیا گیا، تاہم اہلکاروں نے بتایا کہ یہ علاقہ ان کی حدود میں نہیں آتا۔
ٹیم منیجر کے مطابق کوئٹہ پہنچنے پر ٹورنامنٹ انتظامیہ کو واقعے سے آگاہ کیا گیا، جس کے بعد کھلاڑیوں کو روزانہ کے اخراجات کیلئے رقم فراہم کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ واقعے کی رپورٹ بلوچستان کی وزیر کھیل کو دے دی گئی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ کھلاڑیوں کے ہونے والے مالی نقصان کا ازالہ کیا جائے۔
دوسری جانب سندھ فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر اعظم نے کہا کہ بلوچستان کی موجودہ صورتحال کے باعث سندھ کی ٹیم کو ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے نہیں بھیجا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ کے تمام کلبوں کو بس یا ٹرین کے ذریعے سفر نہ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی، تاہم کراچی ویسٹ کی ٹیم نے سفر کیا اور واقعے کا سامنا کرنا پڑا۔
سندھ فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر کے مطابق ٹورنامنٹ میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کی ٹیموں نے بھی شرکت نہیں کی۔

مصنف نے جامعہ گجرات سے صحافت کی تعلیم حاصل کی ہے اخبار کیساتھ ڈیجیٹل صحافت سے منسلک ہیں۔




