کرسٹیانو رونالڈو عارضی طور پر معطل، پرتگال فٹبال فیڈریشن کا کارروائی کا اعلان

پرتگال کے کپتان اور عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے خلاف تادیبی کارروائی شروع کردی گئی۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق پرتگال فٹبال فیڈریشن کے صدر پیڈرو پروینسا کا کہنا ہے کہ معاملے کے حل کے لیے تمام فریق بات چیت کررہے ہیں اور پرتگال اپنے کپتان کی ٹیم میں واپسی چاہتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق 41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو نے ناروے کے خلاف میچ میں متبادل کھلاڑی کے طور پر بھی میدان میں نہ اتارے جانے اور ڈنمارک کے خلاف اگلے میچ کی ابتدائی ٹیم میں شامل نہ کیے جانے پر تربیتی کیمپ چھوڑ دیا تھا۔

رونالڈو اور پرتگال کے ہیڈ کوچ کے درمیان کھیلنے کے وقت سے متعلق اختلافات سامنے آئے تھے۔ رونالڈو کا مؤقف تھا کہ انہیں ناروے کے خلاف میچ میں کھیلنے کا موقع دینے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی، تاہم ایسا نہیں ہوا۔

بعدازاں رونالڈو نے ٹیم کا کیمپ چھوڑنے پر اپنے ساتھی کھلاڑیوں اور پرتگالی عوام سے معذرت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنے فیصلے کے نتائج قبول کرنے کے لیے تیار ہیں۔

فیڈریشن کے مطابق معاملے پر کارروائی جاری ہے اور مزید فیصلے تحقیقات مکمل ہونے کے بعد کیے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں