عالمی ریکارڈ کی کوشش، 100 کلومیٹر دوڑنے کے بعد بولر نے گیند کرادی

برطانیہ میں 22 سالہ کلب کرکٹر سام بوڈوانو نے عالمی ریکارڈ بنانے کے لیے 100 کلومیٹر سے زائد فاصلہ دوڑنے کے بعد کرکٹ میچ میں گیند کرادی۔

سام بوڈوانو نے لندن کے تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ سے دوڑ کا آغاز کیا اور سرے میں واقع ویلی اینڈ کرکٹ کلب پہنچ کر گیند کرائی۔

22 سالہ کرکٹر نے مجموعی طور پر 101.38 کلومیٹر کا فاصلہ 14 گھنٹے 6 منٹ میں طے کیا۔

سام بوڈوانو نے 30 اگست کو یہ چیلنج مکمل کیا۔ انہوں نے دوڑ کے دوران گیند کو مسلسل اپنے ہاتھ میں تھامے رکھا جبکہ اس دوران مکمل سفید کرکٹ یونیفارم بھی پہنے رکھا۔

دوڑ مکمل کرنے کے بعد انہوں نے اپنے والد کو پہلی گیند کرائی، جنہوں نے گیند کو کور کی جانب کھیلا تاہم کوئی رن نہ بنا سکے۔

سام بوڈوانو نے بتایا کہ وہ 7 سال کی عمر سے کرکٹ کھیل رہے ہیں اور دوڑ کے دوران مسلسل گیند ہاتھ میں تھامے رکھنا انتہائی مشکل تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ دوڑ بہت مشکل تھی، ان کی ٹانگیں بری طرح تھک چکی تھیں، تاہم وہ چیلنج مکمل کرنے میں کامیاب رہے۔

دوڑ کے بعد میچ بھی کھیلا

دلچسپ بات یہ ہے کہ 100 کلومیٹر سے زائد دوڑنے کے باوجود سام بوڈوانو نے پہلی گیند کرانے کے بعد میچ میں مزید 20 اوورز تک شرکت کی۔

میچ کے دوران انہوں نے 2 چھکے بھی لگائے، تاہم ان کی ٹیم کو ایک رن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

سام بوڈوانو کے مطابق ان کا اصل ہدف 100 کلومیٹر کا فاصلہ مکمل کرنا تھا، تاہم انہوں نے جان بوجھ کر قدرے طویل روٹ کا انتخاب کیا تاکہ کسی رکاوٹ کے باعث 100 کلومیٹر کا ہدف حاصل کرنے سے محروم نہ رہیں۔

ریکارڈ کی تصدیق کا عمل جاری

اس چیلنج کا مقصد عالمی ریکارڈ بنانے کے ساتھ ساتھ ایک فلاحی ادارے کے لیے 6 ہزار پاؤنڈ سے زائد رقم جمع کرنا بھی تھا۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق اس کیٹیگری میں موجودہ ریکارڈ اگست 2024 میں قائم کیا گیا تھا، جب ایک شخص نے 15 میل دوڑنے کے بعد گیند کرائی تھی۔

سام بوڈوانو نے اس ریکارڈ کو پیچھے چھوڑنے کے لیے شمالی لندن میں واقع لارڈز کرکٹ گراؤنڈ سے دوڑ شروع کی اور ووکنگ کے قریب ویلی اینڈ کرکٹ کلب میں پہنچ کر گیند کرائی۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے چیلنج کی تصدیق کا عمل شروع کیا جا رہا ہے، جس کے بعد حتمی طور پر فیصلہ کیا جائے گا کہ سام بوڈوانو نیا عالمی ریکارڈ قائم کرنے میں کامیاب ہوئے یا نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں