پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے کہا ہے کہ انہیں سابق وزیراعظم عمران خان کے بیٹوں قاسم اور سلمان کے اسکائی نیوز کو دیے گئے انٹرویو سے متعلق کوئی علم نہیں، قومی ٹیم کی توجہ صرف کرکٹ پر ہے۔
لارڈز میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز کھانے کے وقفے کے دوران انگلش براڈکاسٹر نے عمران خان کے بیٹوں کا انٹرویو نشر کیا تھا۔ سابق انگلش کپتان مائیکل ایتھرٹن نے قاسم اور سلمان خان سے گفتگو کی تھی۔
ایک کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق انٹرویو نشر ہونے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے ناراضی کا اظہار کیا تھا اور کھانے کے وقفے کے بعد قومی ٹیم کے میدان میں اترنے سے متعلق بھی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کیا تھا۔
لارڈز ٹیسٹ کے دوسرے روز پریس کانفرنس کے دوران سرفراز احمد سے اس حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس معاملے کے بارے میں کچھ معلوم نہیں۔
ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ انہیں علم نہیں کہ پی سی بی نے اس معاملے پر انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ سے کوئی شکایت کی ہے یا نہیں۔
سرفراز احمد سے جب پوچھا گیا کہ کیا انٹرویو نشر ہونے کے باعث قومی ٹیم نے کھانے کے وقفے کے بعد میدان میں واپس نہ آنے پر غور کیا تھا تو انہوں نے کہا کہ ایسا کچھ نہیں ہوا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ٹیم معمول کے مطابق کھانے کے وقفے کے بعد میدان میں واپسی کی تیاری کر رہی تھی اور کھلاڑیوں کو انٹرویو کے بارے میں کوئی معلومات نہیں تھیں۔

مصنف نے جامعہ گجرات سے صحافت کی تعلیم حاصل کی ہے اخبار کیساتھ ڈیجیٹل صحافت سے منسلک ہیں۔




