براڈ پیک پر برفانی تودہ: لاپتا کوہ پیماؤں میں سے 8 کی لاشیں مل گئیں، 2 کی تلاش جاری

دنیا کی 12 ویں بلند ترین چوٹی براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے بعد لاپتا ہونے والے کوہ پیماؤں میں سے مزید 4 افراد کی لاشیں مل گئی ہیں، جس کے بعد جاں بحق کوہ پیماؤں کی مجموعی تعداد 8 ہو گئی ہے، جبکہ 2 لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق صبح کے وقت ملنے والی 4 لاشوں میں سے 3 کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسکردو منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ باقی لاش کو بھی منتقل کرنے کے لیے کارروائی جاری ہے۔

دوسری جانب لاپتا 2 کوہ پیماؤں کی تلاش کے لیے براڈ پیک پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن مسلسل جاری ہے، جس میں متعلقہ ادارے اور امدادی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

صوبائی وزیر سیاحت نیک نام کریم نے کہا ہے کہ لاپتا کوہ پیماؤں کی تلاش کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ محکمہ سیاحت کی جانب سے ریسکیو ٹیموں کو ضروری لاجسٹک سپورٹ فراہم کی جا رہی ہے۔

حکام کے مطابق لاپتا کوہ پیماؤں کے گروپ میں امریکا، چین، نیپال اور عمان سے تعلق رکھنے والے کوہ پیما شامل ہیں، جبکہ پاکستانی کوہ پیما سہیل سخی بھی لاپتا افراد میں شامل ہیں۔

واضح رہے کہ براڈ پیک قراقرم کے پہاڑی سلسلے میں واقع دنیا کی بارہویں بلند ترین چوٹی ہے، جس کی بلندی 8,047 میٹر (26,414 فٹ) ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں