صوبوں سے متعلق بحث نہیں روکی جاسکتی، خون بہانے کی بات سمجھ سے بالاتر ہے، عطا تارڑ کا بلاول بھٹو کو جواب

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے سندھ کی تقسیم سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبوں کے قیام اور گڈ گورننس سے متعلق بحث نہیں روکی جاسکتی، صوبوں کے معاملے پر خون بہانے کی بات سمجھ سے بالاتر ہے۔

ایک بیان میں عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ انہوں نے آج بلاول بھٹو زرداری کی گفتگو سنی ہے، تاہم ہم خود کو نظام کی خامیوں اور کمزوریوں سے الگ نہیں کرسکتے۔ ملک میں نئے صوبوں کے قیام اور بہتر طرز حکمرانی سے متعلق بحث جاری ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان کے عوام نئے صوبے چاہتے ہیں تو اس معاملے پر بات ہونی چاہیے، صوبوں اور گورننس میں بہتری کی بحث سے عوام کو کیسے روکا جاسکتا ہے؟ جمہوری اور قانونی تقاضا ہے کہ یہ بحث جاری رہنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بہتر ہوگا کہ اس معاملے پر عوام کو اپنی رائے دینے کا موقع دیا جائے، کسی کو بھی عوام کے پاس جانے پر تحفظات نہیں ہونے چاہئیں۔ نمائندے عوام کے منتخب کردہ ہوتے ہیں، عوام نمائندوں کے نہیں اور حتمی فیصلہ بھی عوام ہی کرتے ہیں۔

عطا اللہ تارڑ نے سوال اٹھایا کہ عوام کو ان کے جمہوری حق اور بہتر گورننس کے مطالبے سے کیسے محروم رکھا جاسکتا ہے؟ سندھ، بلوچستان، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے عوام کی مرضی جانے بغیر کوئی فیصلہ کیسے کیا جاسکتا ہے؟

نئے صوبوں سے متعلق ریفرنڈم بہترین طریقہ ہے، عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ صوبوں کے معاملے پر خون بہانے کی بات ان کی سمجھ سے بالاتر ہے۔ عوام کی مرضی کے بغیر کوئی ایجنڈا مسلط نہیں کیا جاسکتا، عوام کی رائے جاننے کا بہترین ذریعہ ریفرنڈم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم کے انعقاد میں عوام کے بہترین مفاد کو مدنظر رکھا جانا چاہیے، کیونکہ ریفرنڈم آئین کا حصہ اور ایک آئینی طریقہ کار ہے۔

حکومت میں رہ کر اپوزیشن کرنا کھلا تضاد ہے، وزیر اطلاعات

عطا اللہ تارڑ نے بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بیک وقت حکومت کے مزے لینا اور اپوزیشن کا کردار ادا کرنا کیا کھلا تضاد نہیں؟ آپ اور ہم سب کئی دہائیوں سے اس نظام کا حصہ ہیں، اس لیے آج خود کو اس کی خامیوں سے الگ نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب ایک ہی حکومت کا حصہ ہیں، اس معاملے پر بیٹھ کر بات کیوں نہیں کرتے؟ سیاست کی آڑ میں احتساب سے مبرا ہونے کی کوشش عوام اور قانون دونوں مسترد کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ نیب میں اصلاحات بھی خود کی گئیں اور اب اسی ادارے کو مورد الزام ٹھہرانا سمجھ سے بالاتر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں