ملک بھر میں خناق، کالی کھانسی، خسرہ اور انفلوئنزا کے کیسز بڑھنے لگے

ملک بھر میں خناق، کالی کھانسی، خسرہ اور موسمی انفلوئنزا کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر قومی ادارہ صحت نے متعدی بیماریوں کے پھیلاؤ سے متعلق 2 الگ الگ ایڈوائزریز جاری کردی ہیں۔

حکام کے مطابق اسلام آباد کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسپتال میں خناق کے متعدد مریض زیر علاج ہیں، جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں کالی کھانسی کے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

دوسری جانب ملک بھر میں خسرے کے باعث کئی سو بچوں کی اموات کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس پر طبی ماہرین نے بچوں کی ویکسینیشن کی ناکافی شرح پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ بچوں کی ویکسینیشن کی شرح بڑھانے کے لیے وفاقی اور صوبائی ادارے مؤثر اقدامات کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔

ماہرین نے سوشل میڈیا پر ویکسین کے خلاف جاری منفی اور گمراہ کن مہمات پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ متعلقہ ادارے ان مہمات کی روک تھام میں مؤثر کردار ادا نہیں کرسکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں