سندھ کی تقسیم کی کوشش کی گئی تو کراچی کی سڑکوں پر خون بہے گا، بلاول بھٹو کا انتباہ

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خبردار کیا ہے کہ سندھ کی تقسیم زبردستی مسلط کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کے سنگین نتائج سامنے آئیں گے اور کراچی کی سڑکوں پر بہنے والے خون کا حساب دینا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی تقسیم کی کوشش سے عام لوگ ہتھیار اٹھانے پر مجبور ہوں گے اور معاملہ دشمنی تک پہنچ سکتا ہے۔

کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک کا نظام تباہ نہیں ہوا بلکہ اسے تباہ کرایا گیا ہے، اگر نظام میں خرابی پیدا ہوئی ہے تو اس کا حل سیاسی ری سیٹ میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے، تاہم اس کی وجوہات پر بات نہیں کی جارہی۔ نظام کو دوبارہ ترتیب دینا ہوگا تاکہ ہر حقدار کو اس کا حق مل سکے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ نظام کے بگاڑ میں وہ خود بھی ذمہ دار ہیں۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ ملک کو غیر سیاسی نہیں بلکہ سیاسی ری سیٹ کی ضرورت ہے اور اس عمل کا آغاز پارلیمان سے ہونا چاہیے۔ اپوزیشن کو پارلیمان پر اعتماد نہیں، جسے بحال کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

سیاسی قیدیوں کی رہائی ضروری ہے، بلاول بھٹو

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیاسی قیدیوں کو رہا کرنا پڑے گا، یہ کام آج نہیں تو کل کرنا ہی ہوگا۔ حکومت کو چاہیے کہ پی ٹی آئی سے بات کرے اور اسے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون کے لیے آمادہ کرے، اگر پی ٹی آئی اس کے لیے تیار ہو تو گورنر راج ختم کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ بانی پی ٹی آئی کو سیاسی قیدی سمجھتے ہیں۔ ہر وزیراعظم کو عہدے سے ہٹنے کے بعد جیل جانا پڑتا ہے، کیا یہ تسلیم کرلیا جائے کہ تمام وزرائے اعظم چور تھے یا پھر یہ سیاسی انتقام کا معاملہ ہے؟ میری خواہش ہے کہ پاکستان میں ایسا دن آئے جب کوئی وزیراعظم بننے کے بعد جیل نہ جائے۔

مولانا فضل الرحمان کا اعتماد بحال کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، بلاول

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی ذمہ داری ہے کہ وہ حکومت پر تنقید کریں، تاہم حکومت کو بھی ان کا اعتماد بحال کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے پی ڈی ایم میں جو کردار ادا کیا، اس کے بغیر حکومت اقتدار میں نہ ہوتی۔ اپوزیشن کا کام حکومت پر تنقید کرنا ہے، جبکہ حکومت کو انتقامی کارروائیاں بند کرنی چاہئیں۔

27ویں آئینی ترمیم جبری اکثریت سے منظور کرائی گئی، بلاول بھٹو

بلاول بھٹو زرداری نے 27ویں آئینی ترمیم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن سے مخصوص نشستیں چھین کر دو آئینی ترامیم منظور کرائی گئیں اور اب تیسری ترمیم لانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم مکمل اتفاق رائے سے نہیں بلکہ باہمی رضامندی کے تحت منظور کی گئی تھی، تاہم 27ویں آئینی ترمیم اتفاق رائے یا باہمی رضامندی کے بجائے جبری اکثریت سے منظور کرائی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ 27ویں آئینی ترمیم کے بعد سینئر ججوں کے استعفے اس بات کا واضح اظہار ہیں کہ عدلیہ میں اعتماد کا فقدان پیدا ہوچکا ہے۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ سب سے پہلے عوام کا اداروں پر اعتماد بحال کرنا ہوگا۔ ہر ادارے نے جو اعتماد کھویا ہے، اسے دوبارہ حاصل کرنے کے لیے اقدامات کرنا ضروری ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں