پاکستان کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں شرکت سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ان کی تردید کردی۔
گزشتہ کچھ عرصے سے بھارتی میڈیا میں یہ خبریں زیر گردش تھیں کہ محمد عامر برطانوی شہری ہونے کی حیثیت سے آئی پی ایل میں شرکت کرسکتے ہیں۔
تاہم سابق قومی کرکٹر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں ان خبروں کی تردید کردی۔
محمد عامر نے اپنی پوسٹ میں واضح کیا کہ وہ صرف یہ بتانا چاہتے ہیں کہ آئی پی ایل میں شرکت سے متعلق گردش کرنے والی خبریں درست نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ محمد عامر رواں سال مئی میں برطانوی پاسپورٹ حاصل کرنے کے بعد برطانوی شہری بن گئے تھے۔
حال ہی میں انہوں نے برطانوی شہری کی حیثیت سے افغانستان پریمیئر لیگ کے لیے بھی رجسٹریشن کرائی تھی، جس کے بعد ان کی آئی پی ایل میں ممکنہ شرکت سے متعلق قیاس آرائیوں نے زور پکڑ لیا تھا۔

مصنف نے جامعہ گجرات سے صحافت کی تعلیم حاصل کی ہے اخبار کیساتھ ڈیجیٹل صحافت سے منسلک ہیں۔




