ابو ظبی ٹی 10 لیگ میں شرکت کے لیے منتخب پاکستانی کرکٹرز کو تاحال پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے این او سی جاری نہیں کیے جاسکے، جس کے باعث کھلاڑیوں کی لیگ میں شرکت غیر یقینی صورتحال کا شکار ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی کرکٹرز کو ابھی تک این او سی موصول نہیں ہوئے، جس پر وہ پریشانی کا شکار ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لیگ کی فرنچائزز مسلسل پاکستانی کھلاڑیوں سے رابطے میں ہیں اور انہیں جلد از جلد این او سی حاصل کرنے کی ہدایت کی جارہی ہے تاکہ وہ مقررہ وقت پر اپنی ٹیموں کو جوائن کرسکیں۔
ابو ظبی ٹی 10 لیگ کے لیے منتخب کھلاڑیوں میں فخر زمان، افتخار احمد، نسیم شاہ، فہیم اشرف، سفیان مقیم اور عباس آفریدی شامل ہیں۔
ان کے علاوہ حسن نواز، علی رضا، اعظم خان، خواجہ نافع، عاکف جاوید اور سلمان ارشاد بھی لیگ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے، جبکہ خوشدل شاہ اور حیدر علی بھی مختلف ٹیموں کی نمائندگی کریں گے۔
واضح رہے کہ ابو ظبی ٹی 10 لیگ 7 سے 20 نومبر تک کھیلی جائے گی۔ اگر مقررہ وقت تک پاکستانی کرکٹرز کو پی سی بی کی جانب سے این او سی جاری نہ ہوئے تو فرنچائزز ان کی جگہ متبادل کھلاڑیوں کو ٹیموں میں شامل کرسکتی ہیں۔

مصنف نے جامعہ گجرات سے صحافت کی تعلیم حاصل کی ہے اخبار کیساتھ ڈیجیٹل صحافت سے منسلک ہیں۔




