ٹرائی نیشن سیریز کا فائنل: پاکستان ٹیم پر سلو اوور ریٹ کے باعث جرمانہ عائد

لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سری لنکا کے خلاف ٹرائی نیشن سیریز کے فائنل میں سلو اوور ریٹ پر پاکستان کرکٹ ٹیم پر میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کردیا۔

آئی سی سی کے مطابق ہفتے کو لاہور میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے فائنل میچ میں قومی ٹیم مقررہ وقت میں ایک اوور مکمل کرنے میں ناکام رہی، جس پر میچ ریفری جیف کرو نے پاکستان کا اوور ریٹ کم قرار دیا۔

پاکستانی ٹیم پر آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.22 کے تحت جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ اس قانون کے مطابق مقررہ وقت میں ہر اوور کم ہونے پر کھلاڑیوں کی میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ کیا جاتا ہے۔

پاکستان کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے سلو اوور ریٹ کی غلطی تسلیم کرتے ہوئے آئی سی سی کی جانب سے عائد کردہ جرمانہ قبول کرلیا۔

واضح رہے کہ ٹرائی نیشن سیریز کے فائنل میں پاکستان نے سری لنکا کی جانب سے دیا گیا 326 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر 9 گیندیں قبل حاصل کرکے ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

فائنل میں فخر زمان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 99 گیندوں پر 11 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 127 رنز کی اننگز کھیلی اور اپنے ون ڈے کیریئر کی 12ویں سنچری اسکور کی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں